قومی شاہراہ پر پتوکی کے قریب اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب لاہور سے بہاولنگر جانے والی ایک مسافر بس میں اچانک آگ لگ گئی۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعہ بس میں فنی خرابی کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں دیکھتے ہی دیکھتے شعلے بلند ہونے لگے۔ خوش قسمتی سے موٹروے پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث ایک بڑا جانی نقصان ہونے سے بچ گیا۔
سکھر حیدرآباد موٹر وے ایم 6 کی تعمیر :پری کوالیفکیشن نوٹس جاری
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی قریبی پٹرولنگ یونٹ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔ پولیس اہلکاروں نے صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے بس کو فوراً سڑک سے ایک محفوظ مقام پر رکوایا اور تمام مسافروں کو فوری طور پر بس سے نیچے اتارنا شروع کردیا۔ چند ہی منٹوں میں بس میں سوار تمام 45 مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق مسافروں کو محفوظ فاصلے پر منتقل کرنے کے بعد آگ بجھانے کے اقدامات کیے گئے اور متعلقہ اداروں کو بھی اطلاع دی گئی۔ آگ کے باعث بس کو شدید نقصان پہنچا تاہم کسی مسافر کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ واقعے کے بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک کچھ دیر کے لیے متاثر ہوئی، تاہم موٹروے پولیس نے بروقت ٹریفک مینجمنٹ کرتے ہوئے گاڑیوں کی روانی بحال کردی۔
عدالت کا موٹر وے ایم ون پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں سے جرمانہ وصولی روکنے کا حکم
مسافروں نے موٹروے پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور فوری ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی جاتی تو صورتحال سنگین ہوسکتی تھی۔ موٹروے پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دورانِ سفر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں گھبرانے کے بجائے پولیس عملے سے تعاون کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
موٹروے پولیس کا مزید کہنا ہے کہ بس میں آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مسافروں کو متبادل سفر کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔

