دنیا کا سب سے موٹا شخص  انتقال کرگیا


دنیا کے سب سے زیادہ وزن رکھنے والے شخص کے طور پر پہچانے جانے والے میکسیکو کے شہری خوان پیڈرو فرانکو 41 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی موت گردوں کے شدید انفیکشن کے باعث ہوئی۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق خوان پیڈرو فرانکو طویل عرصے سے مختلف پیچیدہ طبی مسائل کا شکار تھے اور حالیہ دنوں میں ان کی صحت مزید بگڑ گئی تھی۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق خوان پیڈرو فرانکو کو 2017 میں دنیا کے سب سے موٹے زندہ انسان کا اعزاز دیا گیا تھا، اس وقت ان کا وزن ایک ہزار 322 پاؤنڈ (تقریباً 600 کلوگرام) تھا۔ غیر معمولی وزن کے باعث وہ کئی برسوں تک بستر تک محدود رہے اور روزمرہ زندگی کے امور انجام دینے سے قاصر تھے۔

رپورٹس کے مطابق بعد ازاں انہوں نے ماہر ڈاکٹروں کی سخت نگرانی میں علاج کا آغاز کیا، جس میں خصوصی غذا، طبی دیکھ بھال اور سرجری بھی شامل تھی۔ علاج کے نتیجے میں ان کے وزن میں کچھ کمی واقع ہوئی اور ان کی صحت میں بہتری کے آثار نظر آنے لگے تھے، تاہم مختلف بیماریوں نے ان کی زندگی کو مسلسل خطرے میں رکھا۔

طبی ماہرین کے مطابق خوان پیڈرو فرانکو موٹاپے کے باعث ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور گردوں سمیت دیگر اعضاء کے مسائل میں مبتلا رہے۔ ان کی موت کو موٹاپے سے جڑی پیچیدگیوں کی ایک افسوسناک مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

خوان پیڈرو فرانکو کی وفات پر دنیا بھر میں ان کے مداحوں اور سماجی حلقوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ ان کی زندگی کو صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے کی ایک اہم مثال بھی قرار دیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp