اسلام آباد، تہران اور استنبول فریٹ ٹرین سروس ملتوی


پاکستان، ایران اور ترکی کے درمیان اسلام آباد، تہران اور استنبول کو ملانے والی فریٹ ٹرین سروس کا آغاز ایک بار پھر ملتوی کر دیا گیا ہے۔ پاکستان ریلوے حکام کے مطابق یہ فیصلہ سیکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے کے باعث کیا گیا ہے۔

ڈی ایس ریلوے کے مطابق تینوں ممالک کے درمیان مال بردار ٹرین سروس کا باقاعدہ آغاز آج کیا جانا تھا، تاہم ضروری سیکیورٹی اجازت نامے مکمل نہ ہونے کے باعث شیڈول کو مؤخر کرنا پڑا۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی معاملات طے ہوتے ہی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

ریلوے ذرائع کے مطابق فریٹ ٹرین سروس کا مقصد پاکستان، ایران اور ترکی کے درمیان تجارتی روابط کو مضبوط بنانا اور علاقائی تجارت کو فروغ دینا ہے۔ اس سروس کے ذریعے سامان کی ترسیل کم وقت اور کم لاگت میں ممکن ہو سکے گی، جس سے تینوں ممالک کے تاجر براہِ راست مستفید ہوں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اور پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری کے درمیان ملاقات میں اسی سال مال بردار ٹرین سروس کو دوبارہ بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے ریلوے کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حکومت فریٹ ٹرین سروس کے آغاز کے لیے پرعزم ہے اور سیکیورٹی کلیئرنس مکمل ہونے کے بعد جلد اس منصوبے پر عملی پیش رفت متوقع ہے۔ اس منصوبے کو خطے میں اقتصادی رابطہ کاری کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp