آسٹریلوی کرکٹ لیجنڈ ڈیمین مارٹن تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل


آسٹریلیا کے سابق عظیم ٹیسٹ کرکٹر ڈیمین مارٹن کو میننجائٹس کی تشخیص کے بعد اسپتال میں مصنوعی کومہ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 54 سالہ ڈیمین مارٹن کو باکسنگ ڈے کے روز طبیعت خراب ہونے پر اسپتال لایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کے پیش نظر انہیں انڈیوسڈ کومہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا۔

ڈیمین مارٹن نے 1992 سے 2006 کے دوران آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 67 ٹیسٹ اور 208 ون ڈے میچز کھیلے۔ وہ میننجائٹس جیسے خطرناک مرض میں مبتلا ہیں، جو دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کو ڈھانپنے والی جھلیوں کی سوزش ہے اور جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔

سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر اور قریبی دوست ایڈم گلکرسٹ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈیمین مارٹن کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کے اہل خانہ جانتے ہیں کہ دنیا بھر سے ان کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔

سابق آسٹریلوی کوچ ڈیرن لیہمن نے بھی سوشل میڈیا پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ حوصلہ مند رہیں اور اس مشکل وقت میں خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ڈیمین مارٹن کو آسٹریلوی کرکٹ کی تاریخ کے بہترین اسٹروک میکرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 13 سنچریاں اسکور کیں اور 46 سے زائد اوسط سے رنز بنائے۔ وہ 2003 کے ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی اہم حصہ تھے، جہاں فائنل میں بھارت کے خلاف ناقابل شکست 88 رنز کی اننگز کھیلی۔

2006 میں ایشز سیریز کے دوران ریٹائرمنٹ کے بعد ڈیمین مارٹن نے کرکٹ اور میڈیا سے خود کو کافی حد تک دور رکھا تھا۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp