گھوٹکی؛ بس سے اغوا کیے گئے 11 مسافر بازیاب، پولیس آپریشن جاری


گھوٹکی میں گڈو کشمور لنک روڈ سے اغوا کیے گئے مسافروں کے معاملے میں پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقابلے کے بعد 11 مغوی مسافروں کو بازیاب کرا لیا ہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران کے مطابق بازیابی کچے کے علاقے سون میانی کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کے بعد عمل میں آئی۔

ایس ایس پی گھوٹکی نے بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری کچے کے علاقے میں موجود ہے، جہاں ڈی آئی جی سکھر سمیت چار ایس ایس پیز کی نگرانی میں آپریشن جاری ہے۔ پولیس آپریشن میں بکتر بند گاڑیوں اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈاکوؤں کے خلاف ڈرون حملے بھی کیے گئے ہیں۔

انور کھیتران کے مطابق شدید دھند کے باعث آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم پولیس کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ بازیاب کرائے گئے مسافروں میں سے دو افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے اوباڑو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایس ایس پی گھوٹکی نے مزید بتایا کہ بازیاب ہونے والے تمام مغویوں کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیگر مغویوں کی بازیابی اور ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp