بارشوں کا سلسلہ 8 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

Rain

محکمہ موسمیات نے ملک میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے مختلف شہروں میں سیلابی صورت حال اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور وسطی پنجاب میں آٹھ جولائی تک موسلادھار بارشوں یا ژالہ باری کا امکان ہے۔

8جولائی تک اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ جب کہ مری گلیات، کشمیر، گلگت، بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

مری میں موسلادھار بارش سے لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی ہے اور آج سے طوفانی بارشوں کے شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

شام یا رات کے دوران مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک چکوال، سرگودھا اور فیصل آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ بہاولنگر، نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور لاہور میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، بارشوں کے نئے سلسلے کی وجہ سے کسانوں کو الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق مختلف علاقوں میں آندھی اورطوفان کیساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں۔ بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ نگ کا خدشہ ہے، مون سون بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں۔متعلقہ اداروں کو ہنگامی مشینری و عملے کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ضلعی انتظامیہ ایمرجنسی میڈیکل عملہ کی موجودگی یقینی بنائے۔سیاح ا و رمسافر سفر سے قبل موسمی حالات سے با خبر رہیں۔

کسان و مویشی مالکان موسمی حالات کے پیش نظر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں،متعلقہ ادارے سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقہ مکینوں کو پیشگی اطلاع فراہم کریں۔


متعلقہ خبریں