مقامی عدالت نے شہباز گل کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ وہ پاکستان کے کسی بھی ائیرپورٹ پر نظر آئیں تو انہیں گرفتار کر لیا جائے۔
اداروں کو بغاوت پر اُکسانے کے کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے شہباز گل کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی، عدالت نے اسلام آباد، فیصل آباد اور ایف ایٹ کچہری کے باہر اشتہار چسپاں کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے شہباز گل کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز مسلسل عدم پیشی کے سبب کیا ہے اور یہ حکم ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے جاری کیا ہے۔
عدالت نے کہا ہے کہ شہباز گل کسی بھی پاکستانی ائیر پورٹ پر اتریں ڈی جی ایف آئی اے عدالت کو آگاہ کریں۔ بعدازاں عدالت نے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی سے متعلق 26 جولائی کو تمام متعلق اداروں سے رپورٹ طلب کرلی۔
عدالت نے ڈی سی اسلام آباد اور ڈی سی فیصل آباد سے شہباز گل کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔
عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل کے حوالے سے رپورٹ دینے والے اے ایس آئی کا بیان ریکارڈ کیا اور کہا کہ ناقابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل میں بتایا گیا کہ شہباز گل امریکا چلا گیا ہے۔
اس پر عدالت نے نادرا کو شہباز گل کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔