سخت گرمی کے بعد جڑواں شہروں اسلام آباد راولپنڈی میں آسمان برس پڑا، شدید بارش سے شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا۔
اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ، آئی 9، ایچ ایٹ جب کہ راولپنڈی کے علاقے فیض آباد، شمس آباد میں بھی آسمان کھل کر برسا ہے۔
بارش برستے ہی شہری سڑکوں پر نکل آئے اور لطف اندوز ہونے لگے۔
ملک بھر میں درجہ حرارت زیادہ رہنے کا امکان، آج رات سے بارشوں کی بھی پیشگوئی
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں درجہ حرارت آج معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
آج بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد،بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کے وقت گرمی کی شدت میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافہ ہوسکتا ہے جب کہ سندھ، جنوبی پنجاب اوربلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کیا ہے کہ جس کے مطابق ملک میں آج سے بارشیں برسانے والا سسٹم داخل ہوگا جس کے تحت آج رات سے 30 جون کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر موسم خوشگوار رہنے کی توقع ظاہر کی ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات پاکستان نے 25 سے 30 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔