استحکام پاکستان پارٹی کا اعلان، 9 مئی کے شرپسندوں کو انجام تک پہنچانا ہو گا، جہانگیر ترین


تحریک انصاف کے سابق رہنما جہانگیر ترین نے استحکام پاکستان پارٹی کا اعلان کر دیا۔

علیم خان، عمران اسماعیل سمیت سابق پی ٹی آئی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم آج نئی سیاسی پارٹی ، استحکام پاکستان کا اعلان کر رہے ہیں ، ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے ، سیاست میں آنےسے لے کر اب تک ایک مقصد تھا کہ ملکی ترقی میں حصہ ڈالوں ۔

انہوں نے کہا کہ میں ایک روایتی سیاستدان نہیں ہوں،تحریک انصاف کو مضبوط کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کیاتھا،ایک جذبے اور سوچ کیساتھ پی ٹی آئی میں شامل ہوا،2013کے بعد پی ٹی آئی میں جوش اور جذبہ پیدا کیا ،آنے والے دنوں میں حقائق سے پتہ چلے گا ہم پی ٹی آئی کو مضبوط بنانے کیلئے کہاں تک گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں معاملات اس طرح نہیں چل سکے جس طرح چاہتےتھے،ہم نے پی ٹی آئی کومستحکم کرنے کیلئے دن رات ایک کیے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے پاکستان کی سیاست کو تبدیل کر کے رکھ دیا، ان واقعات میں ملوث شرپسندوں کو انجام تک پہنچانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کام معیشت کو مضبوط بنانا اور عالمی دنیا سے تعلقات کو بہتر بنانا تھا، مگر ایسا نہیں ہوسکا، ہم ہمیشہ سے سیاسی مخالفین پر حملوں کے مخالف تھے مگر پی ٹی آئی نے تو فوجی تنصیبات پر حملہ کیا اور شہدا کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا، اگر اس ہجوم کو قابو نہ کیا گیا تو یہ گھروں میں گھس کر سب کو ہراساں کرے گا۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ ہم اس رویے کو بڑھاوا دینے کی اجازت نہیں دے سکتے اور آج عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو اس دلدل سے نکالنے کیلیے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے، پاکستان کو آج ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو سیاسی اور سماجی تقسیم کو ختم کرے اور نفرت کے بجائے محبت کو بڑھائے، قوم کو امید دلائے اور مایوسیوں سے نکالے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا جمہوری نظام صرف اسی صورت مضبوط ہوسکتا ہے جب حکومت اور اپوزیشن آئینی کردار ادا کرے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ہمارے قافلے میں اور بھی ایسے لوگ شامل ہوں گے جن کا اپنے حلقے میں بہت زیادہ سیاسی اثر و رسوخ ہے۔

مزید کہا کہ ہماری جماعت عام عوام کی جماعت ہوگی، ہم قائد اعظم کی تعلیمات اور علامہ اقبال کے خوابوں کو پورا کرنے کیلیے جدوجہد بھی کریں گے۔

 


متعلقہ خبریں