غریب اور متوسط طبقے کے لیے بجٹ میں بڑے اقدامات کا فیصلہ

وزیر اعظم (prime minister)

وزیراعظم شہباز شریف نے غریب اور متوسط طبقے کے لیے بجٹ میں بڑے اقدامات کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت غریب و متوسط طبقے کے لیے بجٹ میں ریلیف دینے سے متعلق اجلاس ہوا، شہباز شریف نے معاشی چیلنجز کے باوجود بجٹ میں زیادہ سے زیادہ عوام کو ریلیف دینے کی ہدایت کردی۔

شہباز شریف نے کسانوں کو کھاد پر براہ راست سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا اور ہدایت کی کہ کھاد پر سبسڈی کے لیے جامع پلان تشکیل دے کر پیش کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے میں معاونت کریں گے جبکہ بی آئی ایس پی کا دائرہ کار بڑھا کر مستحق لوگوں کی شمولیت یقینی بنائی جائے، کوئی بھی مستحق بی آئی ایس پی کے ڈیٹا سے باہر نہ رہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ایجوکیشن اینڈاؤمنٹ فنڈ کا قیام یقینی بنارہی ہے جس سے مستحق طلبہ کو وظائف سے اعلیٰ تعلیم و پیشہ ورانہ ہنر سے لیس کیا جائے گا، حکومت نوجوان کو عالمی معیار کے مطابق ہنر فراہم کرے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ یوتھ لون پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر قرض سے کاروبار میں سہولت دیں گے، نوجوانوں کو آئی ٹی شعبے میں سہولتیں دے کر برآمدات بڑھائی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو فری لانسنگ اور پیشہ ورانہ تربیت سے لیس کیا جائے گا، چھوٹے کاروبار اور چھوٹے پیمانے کی صنعت کے لیے سہولتیں دی جائیں گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے بین الاقوامی منڈی میں قیمتیں نیچے آتے ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عام آدمی تک پہنچایا جائے۔


متعلقہ خبریں