مولانا فضل الرحمان کی جانب سے الزامات، مقابلہ کرنے کا اعلان

مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے مقابلہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج 60 امریکی اراکین پارلیمنٹ نے امریکی وزیر خارجہ کو خط لکھا ہے کہ عمران خان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ ملکی معاملات میں غیر ملکی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بیرونی ایجنڈے کے تحت پاکستانی سیاست میں لانچ کیا گیا جبکہ 9 اور 10 مئی کو جو کچھ ہوا اس کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ پوری قوم نے دیکھا کہ کس طرح بلوائیوں نے قومی املاک کو نقصان پہنچایا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بلوائیوں نے جی ایچ کیو اور جناح ہاؤس کو تباہ کیا۔ عمران خان کو ہماری عدالتیں کیوں تحفظ فراہم کر رہی ہیں؟ اور ان کے دہشتگردوں کو ہماری عدالتوں سے کیوں سہولت کاری ہو رہی ہے ؟ جو مقدمات معلوم نہیں ان میں بھی عمران خان کو ضمانت دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجرم اور جرم کو عدالت سے تحفظ کی اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ عمران خان کو رعایت دینے کے لیے آئین اور قانون کا مذاق بنایا جا رہا ہے جبکہ خاص ایجنڈے کے تحت ملکی سیاست میں غیر ضروری عنصر کو تحفظ دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 400 پولیس اہلکار زمان پارک بھیجنے کا فیصلہ

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ریاست کے تحفظ کے لیے ہر پیرو جوان نکلے گا اور ہم نے اس صورتحال کا مقابلہ کرنا ہے۔ ہماری عدالتیں ملک کے آئین سے کھلواڑ کر رہی ہیں اور مجرموں کو حوصلے دیئے جا رہے ہیں۔ مجرموں کو مرسڈیز میں وی آئی پی گیٹ سے عدالت لایا جاتا ہے، اس طرح کی ضمانتیں اور ریلیف ملک کو تباہی کی طرف لے کے جا رہے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ ہم کسی جج کا نام نہیں لے رہے کہ کون کس مجرم سے رابطے میں ہے اور وقت سے پہلے ہی ججوں کے فیصلے بتا دیئے جاتے ہیں۔ ہمارے صبر کا امتحان لیا جا رہا ہے لیکن ہم ان کا مقابلہ کریں گے۔


متعلقہ خبریں