نیب نے6 سال میں 50 بڑے مقدمات کی تحقیقات اور آپریشن پر 4 ارب روپے خرچ کیے

نیب

شکایات پر فوری کارروائی کیلئے نئے قواعد و ضوابط جاری


اسلام آباد (زاہد گشکوری) نیب نے 6 سال میں 50 بڑے مقدمات کی تحقیقات اور آپریشن پر 4 ارب روپے خرچ کیے،ہم انویسٹی گیشن ٹیم تفصیلات سامنے لے آئی۔

ذرائع کے مطابق 6سالوں میں نیب نے 225 اہم شخصیات کیخلاف 525 انکوائریاں شروع کیں، ملزمان کیخلاف 800 ارب روپے کی مالی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں۔

ملزمان کیخلاف اثاثہ جات میں غیر معمولی اضافہ اوراختیارات کے غلط استعمال کے الزامات بھی ہیں،موجودہ وزیراعظم،5سابق وزرائے اعظم اور ایک سابق صدر کیخلاف انکوائریاں شروع کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق 9 سابق وزرائے اعلیٰ،34 سابق اورموجودہ وفاقی اور صوبائی وزراء کے خلاف بھی انکوائریاں کی گئیں،57سابق ممبران پارلیمان، 31 ممبران اسمبلی و دیگر شخصیات کیخلاف بھی انکوائریز کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق 71انکوائریاں پیپلزپارٹی،52تحریک انصاف،65 ن لیگ کے رہنماوں کیخلاف کی گئیں،مسلم لیگ ق کے14،ایم کیو ایم8اور جے یو آئی کے10رہنماوں کیخلاف بھی انکوائری کی گئی۔

ذرائع کے مطابق نیب نے گزشتہ 6 سال میں تمام آپریشن پر مجموعی طور پر 24 ارب خرچ کیے،نیب نے 24 احتساب عدالتوں میں جاری کیسوں کے لئے81 پراسیکیوٹرزکی خدمات حاصل کیں۔

نیب نے پراسکیوٹرز اوروکلا کو 45 کروڑروپے سرکاری خزانے سے ادا کیے،ذرائع کے مطابق ایسٹ ریکوری یونٹ نے تقریبا 16 کروڑ خرچ کیے، شہزاد اکبر کے 21بیرون ملک دوروں میں لوٹی ہوئی رقم کی واپسی میں کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔

نیب کے پاس اس وقت تقریباً4ہزار901 کرپشن کیسز،انکوائریز اور ریفرنسز زیر التوا ہیں، کرپشن کیس کی مبینہ لوٹی ہوئی رقم کی مالیت 981 ارب روپے بنتی ہے۔

نیب اعداد و شمار کے مطابق شہباز شریف حمزہ شہباز کے نیب کیسز پر اب تک 26 کروڑ خرچ ہو چکے ہیں،نیب اعدادو شمار کے مطابق آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپورکے کیسز پر27 کروڑ خرچ ہوچکے ہیں جبکہ عمران خان کیخلاف مبینہ القادریونیورسٹی ٹرسٹ کرپشن کیس ہے جس پرایک کروڑخرچ ہوچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے 79 دن نیب کی تحویل میں گزارے، شاہد خاقان عباسی اور ان کے صاحبزادے کے کیس پرنیب نے اب تک 15 کروڑخرچ کیے،مریم نواز شریف کے چودھری شوگرمل کیس کی تحقیقات پر نیب کے 5 کروڑ خرچ ہو چکے ہیں۔

خواجہ آصف اور احسن اقبال کے کیس پر نیب کے 9 کروڑ خرچ ہوئے ہیں،عمران خان اور پرویز خٹک کے ہیلی کاپٹرکیس میں نیب کے 8 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں،ذرائع کا کہناہے کہ پرویزاشرف اور بابراعوان کے نندی پور کیس میں 9کروڑ روپے خر چ ہوئے۔

چودھری شجاعت،پرویز الہی اور مونس الہیٰ کیخلاف کیس پر16کروڑ روپے خرچ ہوئے،مذکورہ کیس میں چودھری برادران اور مونس الہٰی بری ہو گئے،سراج درانی، میرشکیل، طیبہ گل اور دیگر کے کیسز میں 4کروڑ روپے خرچ ہوئے لیکن 4کروڑ روپے خرچ ہونے کے باوجود مذکورہ کیس میں ریکوری نہ ہو سکی۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں