سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی کوئی ہدایت نہیں کی، 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم نامہ برقرار ہے،سپریم کورٹ

سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے سے متعلق  27 اپریل کی سماعت کا حکم نامہ جاری کردیا۔

حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے مذاکراتی عمل کے لیے کوئی ڈائریکشن نہیں دی، پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکمنامہ برقرار رہے گا۔

حکمنامے کے مطابق سپریم کورٹ سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکراتی عمل کو سراہتی ہے، سیاسی جماعتیں انتخابات ایک دن کرانے پر متفق ہوتی ہیں تو یہ قابلِ ستائش عمل ہے،عدالت واضح کرتی ہے کہ مذاکراتی عمل میں عدالت کا کوئی کردار نہیں۔

تحریری حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل نے حکومتی اتحاد اور اپوزیشن کے درمیان باہمی روابط سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی سہولت کاری چیئرمین سینیٹ کریں گے۔

عدالتی اصرار پر فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو چیئرمین سینیٹ کو شامل کرنے پر آگاہ کیا، فاروق ایچ نائیک کے مطابق مذاکرات سینیٹ سیکریٹریٹ میں ہوں گے، مذاکرات کیلئے چیئرمین سینیٹ کا کردار محض سہولت کار کا ہے۔


متعلقہ خبریں