پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ میں، شاہ محمود قریشی اور حماد اظہر وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے خواہشمند تھے لیکن ہمیں ایم پی اے کا ٹکٹ نہیں ملا۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اچھا تو نہیں لگا ٹکٹ ملنا چاہیے تھا لیکن عمران خان کہتے ہیں نہیں ملا تو نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گل کو بھی ایم پی اے کا ٹکٹ نہیں دیا، عثمان بزدار اور پرویز الہیٰ کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ عثمان بزادر سابق وزیراعلیٰ پنجاب ہیں دوبارہ بھی انہیں یہ عہدہ مل سکتا ہے،مگر میں اس کے حق میں نہیں ہوں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حماد اظہر نے بھی پنجاب کا ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ بتا دی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چند روز پہلے مجھے عمران خان نے کہا کہ میں نے بہت سوچا ہے، اس وقت پاکستان کا اب سے بڑا چیلنج معاشی محاذ پر ہے، تمہاری ضرورت مجھے وفاق میں ہے۔
حماد اظہر نے کہا کہ اگلے دن میں نے تمام صوبائی حلقوں سے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔
عمران خان نے پارٹی ٹکٹ کن افراد کو جاری کیے ؟
خیال رہے کہ چند روز پہلے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب کے تمام ضلع صدور کو ٹکٹ جاری کر دیئے تھے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور پرویز الہی سمیت پنجاب کے تمام ضلعی صدور کو ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔