پاکستان تحریک انصاف کا پنجاب میں انتخابات کیلئے امیدواروں کے تعین کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین عمران خان کی زیرِ صدارت مرکزی قائدین کا اہم ترین اجلاس ہوا،اجلاس کے دوران پنجاب میں عام انتخابات کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز کا کل سے آغاز کرنے پر اتفاق ہوا۔
اجلاس میں پنجاب کے امیدواروں کے تعین کا عمل ایک ہفتے میں مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں قانون کی بالادستی اور آئین کے تحفظ کیلئے وکلاء کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
حکومت کی انتخاب کو التواء میں ڈالنے کی کوششوں کے خلاف بھرپور مزاحمت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ اجلاس میں پی ٹی آئی کے انتخابی جلسوں کے شیڈول پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے آئینی طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔
رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ پی ڈی ایم آئین سے بغاوت کی بات کر رہی ہے،عمران خان کے خوف سے یہ اس مقام پر پہنچ گئے کہ آئین بھی توڑ ڈالیں گے۔
پی ڈی ایم کے پاس کوئی بیانیہ نہیں ہے،عدلیہ مخالف بیانیہ برے طریقے سے پٹ چکا ہے۔اسد عمر نے مزید کہا کہ آج رات ملک کے 75 شہروں میں حقیقی آزادی کا جشن ہو گا،عمران خان عیدالفطر کے بعد انتخابی جلسوں کا آغاز کریں گے۔