اسلام آباد: جسٹس امین الدین خان نے سماعت کرنے سے معذرت کر لی، جس کے باعث سپریم کورٹ کا بنچ ٹوٹ گیا۔
گزشتہ روزکے فیصلے کے تناظر میں جسٹس امین الدین نے کیس سننے سے معذرت کی، جس پر الیکشن ملتوی کیس سننے والا پانچ رکنی بنچ ٹوٹ گیا۔
جسٹس امین الدین کے بات کرنے کے بعد بینچ کورٹ روم سے چلا گیا، انتخابات ملتوی کیس میں اب نیا بینچ بنایا جائے گا۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا کہ جسٹس امین کچھ کہنا چاہتے ہیں، جس پر جسٹس امین الدین نے کہا کہ وہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کے تناظر میں کیس سننے سے معذرت چاہتے ہیں۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق جسٹس امین الدین خان اس بینچ کا حصہ نہیں ہوں گے، سپریم کورٹ نے سماعت کل گیارہ بجے تک ملتوی کر دی۔
درخواست اسی بینچ میں سنی جائے گی، سپریم کورٹ کے عدالتی عملے نے حکم نامہ پڑھ کر سنایا۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں 4رکنی بینچ سماعت کرے گا چیف جسٹس عمر عطابندیال ،جسٹس اعجازالاحسن ،جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال مندوخیل بینچ کاحصہ ہوں گے۔