عمران خان نے معیشت کو ٹھیک کرنے کا پلان بتا دیا


لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے معیشت کو ٹھیک کرنے کا پلان بتاتے ہوئے کہا کہ اقتدار ملا تو ہر پاکستانی کو برآمدات پر لگا دیں گے۔ جو قوم ظلم کے خلاف کھڑی نہیں ہوتی وہ غلام بن جاتی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑی رکاوٹوں کے بعد لوگ جلسے گاہ پہنچے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آج آپ کو بتا دوں گا کہ کیسے ملک کو دلدل سے نکالنا ہے۔ جلسہ روکنے کے لیے ہمارے 2 ہزار کارکنوں کو گرفتار کیا گیا اور راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا لیکن عوام نے ہر چیز کو مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ہماری حکومت گرائی گئی اور جرائم پیشہ افراد کو ہم پر مسلط کیا گیا اور سازش کے تحت ملک کو دلدل میں پھنسایا گیا ہے لیکن لوگوں کا جنون طاقت سے نہیں روکا جا سکتا اور جب اللہ دلوں میں سوچ ڈال دے تو پھر کوئی طاقت انہیں نہیں روک سکتی۔

عمران خان نے کہا کہ میں نے کئی ممالک میں وقت گزار کر دیکھا کہ لوگ نا انصافی کے خلاف کھڑے ہو جاتے ہیں اور میں نے اپنی قوم کو بھی ہر ظلم برداشت کرتے دیکھا لیکن جو قوم ظلم کے خلاف کھڑی نہیں ہوتی وہ غلام بن جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نےسمجھایا صرف آزاد لوگوں کی حیثیت ہوتی ہے اور خوف کی غلامی کرنے والے جانوروں سے بھی نیچے چلے جاتے ہیں، انصاف کا مطلب ہے کہ امیر غریب سب قانون کے سامنے برابر ہیں اور جس ملک میں طاقتور غریب پر ظلم کرسکے اسے بنانا رپبلک کہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کسی سے لڑائی نہیں سب ادارے ہمارے ہیں، شیخ رشید

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مارشل لا میں آئین اور قانون کو ختم کر دیا جاتا تھا لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ ڈیموکریٹس نے بھی قانون کو نہیں چلنے دیا۔ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں لیکن قانون نہیں ہے۔ میرے اوپر مقدمات کی سنچری تو ہوگئی ہے اب ڈیڑھ سو پر جا رہا ہوں اور میرے خلاف دہشت گردی کے 40 مقدمات درج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو جو ظلم ہوا اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا تھا، 8 مارچ کو اجازت لے کر ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا اور 8 مارچ کو صبح ہی شیلنگ کی خبریں چلنا شروع ہو گئیں۔ میرے دور میں پی ڈی ایم نے 3 مارچ کیے اور ایک بھی ایف آئی آر نہیں کٹی۔ میں نے انہیں کہا کہ مارچ کریں اور کھانے پینے کا بندوبست میں کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ اندروان سندھ زرداری سسٹم مسلط ہے اور لوگ بےبس ہیں، پاکستانیو فیصلہ کر لو آپ نے ظلم کو برداشت نہیں کرنا۔ پاکستان معاشی طور پر تباہی کی جس سطح پر پہنچ گیا ہے وہاں سے آسانی سے واپس آنا ممکن نہیں اور کیا اقتدار میں بیٹھے لوگوں کے پاس کوئی روڈ میپ ہے ؟

انہوں نے کہا کہ اگر اللہ نے دوبارہ اقتدار میں آنے کا موقع دیا تو ہم نے ملکی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے پورا منصوبہ بنایا ہوا ہے اور ہم شارٹ ٹرم پلان پر ہر پاکستانی کو برآمدات پر لگا دیں گے کیونکہ مجھے خوف ہے انڈسٹریز اور برآمدات بند ہو رہی ہیں جبکہ آمدنی سکڑتی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں