بھارت کے معروف اداکار سلمان خان کو گلوکار سدھو موساوالا کے قتل میں نامزد ملزم کی جانب سے دھمکی موصول ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کو یہ دھمکی جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے معاون گولڈی برار کی جانب سے ای میل کے ذریعے بھیجی گئی۔
پنجاب کی جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کو پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا مبینہ ماسٹر مائنڈ مانا جاتا ہے۔
ہندی زبان میں لکھی گئی ای میل میں کہا گیا کہ کینیڈا میں مقیم گینگسٹر اور لارنس بشنوئی کا قریبی ساتھی گولڈی برار اداکار سے بات کرنا چاہتا تھا۔
سلمان خان کس اداکارہ سے شادی کرنا چاہتے تھے؟ دبنگ خان نے خود بتا دیا
ای میل میں یہ بھی کہا گیا کہ وہ اداکار کو لارنس بشنوئی کے حالیہ انٹرویو کی ویڈیو دکھائیں، اس ویڈیو میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ سلمان خان کو قتل کرنا چاہتے ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق سلمان کی رہائش گاہ اور فیملی میں ماحول کافی سنجیدہ ہے کیونکہ ہر کوئی ان کی حفاظت کے بارے میں بہت فکرمند ہے۔
دوسری جانب پولیس نے سلمان خان کی ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع رہائش گاہ پر سکیورٹی بھی بڑھا دی ہے اور ان کی ٹیم سے کہا گیا ہے کہ وہ آئندہ کچھ دنوں تک کسی بھی تقریب سے گریز کریں۔