نئی دہلی: بھارت میں شادی کے خواہشمند بلآخر سڑکوں پر نکل آئے اور لانگ مارچ کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی بھارتی ریاست کرناٹک میں کنواروں نے 120 کلومیٹر طویل لانگ مارچ کیا اور شادی میں آنے والی رکاوٹوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
کرناٹک کے نوجوانوں کا کہنا تھا کہ ضلع میں لڑکے اور لڑکیوں کے تناسب میں بہت فرق ہے جبکہ لڑکی والے شادی کے لیے ایسے لڑکے کے خواہشمند ہوتے ہیں جس کی آمدنی زیادہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے علاقے میں گنے کی فصل ہوتی ہے اور بیشتر نوجوان اسی پر گزارا کرتے ہیں تاہم کچھ سالوں سے کاشتکاری کا شعبہ شدید متاثر ہو رہا ہے اور اب علاقے میں شادی کے لیے کاشتکار کو بہتر آپشن تصور نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے شادی میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔
ایک اور نوجوان کا کہنا تھا کہ جب عشق کرنے کی عمر تھی تو کاشتکاری کے ذریعے پیسے کماتا رہا اور اب جب پیسے موجود ہیں تو شادی کے لیے دلہن نہیں مل رہی۔
یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے خوشخبری
واضح رہے کہ کرناٹک میں کاشتکاری کے شعبے سے وابستہ لوگوں کی آمدنی کم ہوتی جا رہی ہے اور لڑکیوں کے والدین اپنی بیٹیوں کے بہتر مستقبل کی تلاش میں کم آمدنی والے لوگوں کو بہتر آپشن نہیں سمجھتے۔
اس سے قبل مہاراشٹرا میں بھی نوجوانوں نے شیروانی پہن کر ریلی نکالی تھی اور وہ بھی دلہن نہ ملنے کی وجہ سے پریشان تھے۔