زلمی کو 56 رنز سے شکست، سلطانز کی ٹورنامنٹ میں دوسری جیت


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 56 رنز سے شکست دے دی۔

ملتان کے میدان میں کھیلے جا رہے میچ میں میزبان ٹیم نے پشاور کو جیت کیلئے 211 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم بابر الیون 18.5 اوورز میں 154 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پشاور کی جانب سے محمد حارث 40 اور صائم ایوب 53 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کپتان بابر اعظم 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ملتان کی جانب سے احسان اللہ اور اسامہ میر نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، عباس آفریدی دو وکٹیں لے سکے۔

اس سے پہلے پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔

سلطانز کی جانب کپتان محمد رضوان نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 42 گیندوں پر 66 رنز کی باری کھیلی۔

دوسرے اینڈ پر رائلی روسوو نے ان کا خوب ساتھ دیا، انہوں نے 200 کے اسٹرائیک ریٹ سے 75 رنز بنائے۔

زلمی کی جانب سلمان ارشاد نے دو جب کہ سفیان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹورنامنٹ میں کراچی کنگز کو شکست دی تھی جب کہ ملتان سطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ جیتا جب کہ لاہور قلندرز سے انہیں شکست ہوئی تھی۔

ٹیمیں


متعلقہ خبریں