ایک آدمی نے پی ٹی آئی اور ہماری حکومت کو گرانے کا فیصلہ کیا، عمران خان


لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ اگر جلدی انتخابات نہ کرائے گئے تو ملک ہاتھ سے نکل جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گورنر ہاؤس کے باہر پی ٹی آئی کے مظاہرے سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جو حالات ہیں میں نے 70 سال کی زندگی میں نہیں دیکھے، پہلے کہتے تھے اسمبلیاں تحلیل کریں انتخابات کے لیے تیار ہیں اور ہمیں اسمبلیاں تحلیل کرنے کے لیے بار بار چیلنج کیا جا رہا تھا لیکن جب اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا تو دو، دو تحریکیں آگئیں۔

انہوں نے کہا کہ بتایا جائے کیوں ہماری چلتی ہوئی حکومت کو گرایا گیا ؟ ملک اندھیروں میں ڈوبا جا رہا ہے اور میں ان پاکستانیوں سے بات کر رہا ہوں جن کاجینا مرنا پاکستان میں ہے۔ جو انہوں نے کیا ملک کے ساتھ کوئی دشمن نہیں کرسکتا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت میں ملک کی گروتھ ریٹ بڑھ رہی تھی لیکن ایک آدمی نے ہمارے ساتھ دشمنی کی اور ہماری حکومت کو گرایا۔ یہ جنگ عمران خان کی نہیں ہم سب کی ہے اور اس وقت ہر شعبہ زندگی سے وابستہ انسان پریشان ہے۔ قوم مجھے 50 سال سے جانتی ہے اور اگر جلدی انتخابات نہ کرائے گئے تو ملک ہاتھ سے نکل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چوروں کو دیکھ کر قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہو گئی اور ہم نے بڑے مشکل سے 8 مہینے گزارے۔ ملک جس تیزی سے تباہی کی طرف جا رہا ہے سب کے ہاتھ سے نکل جائے گا جبکہ یہ لوٹ مار کر کے ملک سے بھاگ جاتے ہیں پھر ڈیل کر کے اور این آر او لے کر واپس آجاتے ہیں۔ انتخابات کروا کر ہی اس صورت حال سے نکلا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا واحد وزیر خارجہ ہوں جو اپنا ٹکٹ خریدتا ہے ،بلاول بھٹو

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج دہشتگردی بڑھتی جا رہی ہے جبکہ ہمارے دور میں افغانستان کے ساتھ تعلقات اچھے تھے۔ اب کدھر ہے ہماری خارجہ پالیسی ؟ وزیر خارجہ بلاول بھٹو پونے 2 ارب روپے بیرون ملک دوروں پر خرچ کر چکے ہیں انہوں نے پوری دنیا گھوم لیا مگر افغانستان نہیں گئے۔ سب سے زیادہ ضرورت افغانستان سے تعلقات بہتر کرنے کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں صرف قانون کی حکمرانی کا ہی مسئلہ ہے اور جب تک ہم یہ جنگ نہیں لڑیں گے ہمارے ملک کا کوئی مستقبل نہیں۔ ہم انصاف قائم نہ کر کے تباہی کی طرف جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں