عالمی سرچ انجن گوگل نے بطور کمپنی پاکستان میں رابطہ آفس کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر آئی ٹی امین الحق کا کہنا ہے کہ گوگل آفس کا قیام پاکستانی صارفین کیلئےاہم سنگ میل ثابت ہوگا،گوگل ایشیا پیسیفک نےسیکیورٹیزاینڈایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹریشن کروالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوگل حکام سے رابطے جاری ہیں، دسمبر کے دوسرے ہفتے میں وفد کی پاکستان آمد متوقع ہے،گوگل وفدسےملاقات میں پالیسیز،مسائل، حکومتی تعاون سمیت دیگرامور پرگفتگو ہوگی۔
امین الحق کا کہنا تھا کہ گوگل آفس یوٹیوب سمیت گوگل کی تمام ایپلی کیشنزسےمتعلق امورکی نگرانی کرےگا جس سے ایڈورٹائزنگ سےمتعلق معاملات پرصارفین کوفوری ریسپونس مل سکےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ گوگل کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن کی جانب سےبھرپور تعاون حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک نے بھی پاکستان میں اپنا رابطہ آفس کھولنےکا اصولی فیصلہ کرلیا ہے،امید ہے فیس بک بھی اس ضمن میں جلدہی اپنافیصلہ جاری کرے گا۔