سیاحت کیلئے بڑی خبر، پاکستان میں 4 نئے میریئٹ ہوٹل کا معاہدہ طے


ملتان: امارات گروپ اور میریئٹ انٹرنیشنل کے مابین پاکستان میں چوتھا اور ملتان میں پہلا ہوٹل تعمیر کرنے کا معاہدہ طے پا گیا۔

امارات گروپ نے ڈی ایچ اے ملتان میں کورٹ یارڈ بائے میریئٹ کی تعمیر کے لیے میریئٹ انٹرنیشنل کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ معاہدے کی تقریب دبئی میں میریٹ انٹرنیشنل کے دفتر میں منعقد کی گئی۔

تقریب میں چیئرمین امارات گروپ شفیق اکبر، ڈائریکٹر امارات ہاسپیٹیلیٹی فرحان جاوید، چیف کمرشل آفیسر سعد اعوان، میریٹ انٹرنیشنل سے یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ کی صدر ستیا آنند، سی او او فِل اینڈریو پولوس، ریجنل وائس پریزیڈنٹ لاجنگ ڈویلپمنٹ مڈل ایسٹ شیڈی ہاش، ڈائریکٹر لاجنگ ڈویلپمنٹ زیاد ابی رعد اور دیگر معززین نے شرکت کی۔


اس موقع پر چیئرمین امارات گروپ شفیق اکبر نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے یہ پراجیکٹ ایک اہم سنگ میل ہے۔ امارات گروپ کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ ملکی تعمیر و ترقی میں اور پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

انہوں نے اس پراجیکٹ کو جنوبی پنجاب کے لیے تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملتان کے باسیوں کے لیے یہ کسی تحفے سے کم نہیں۔

گروپ ڈائریکٹر امارات ہاسپیٹیلیٹی فرحان جاوید نے کہا کہ امارات ہمیشہ سے ملکی ریئل اسٹیٹ سیکٹر کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں رہا ہے۔ میریٹ انٹرنیشنل اور امارات کے تعاون سے تعمیر ہونے والا یہ منصوبہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

میریٹ انٹرنیشنل کی یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کی صدر ستیا آنند نے کہا کہ میریٹ اور امارات کے اشتراک سے تعمیر ہونے والا یہ منصوبہ ملکی سیاحت کے لیے خوشگوار ہوا کا جھونکا ثابت ہو گا اور اس سے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ میریٹ انٹرنیشنل اور امارات گروپ ملک میں سیاحت کے فروغ کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔

شرکا نے امارات گروپ اور میریٹ انٹرنیشنل کو بین الاقوامی سطح کے اس منصوبے کے آغاز پر مبارکباد دی اور اسے ملکی معیشت کے لیے نہایت خوش آئند قرار دیا۔

صوفیا کے شہر ملتان میں کورٹ یارڈ بائی میریٹ کا قیام شہر کو چارچاند لگا دے گا۔ یہاں آنے والے ملکی و غیرملکی سیاحوں کو شہرِ ملتان کی دلچسپ تاریخ و ثقافت کے بارے میں بھی جاننے کا بھرپور موقع ملے گا۔


متعلقہ خبریں