عمران خان کنیٹنر پر آگئے


تحریک انصاف نے لاہور سے اپنے لانگ مارچ کا آغاز کر دیا،عمران خان نے کنیٹنر پر آکر قوم سے خطاب کیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان رات گئے بھی لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لینے لبرٹی پہنچے، جہاں وہ کنٹینر پر آئے اور کارکنوں سے مختصر خطاب کیا۔ اس سے پہلے اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان نے عوام سے لانگ مارچ میں شرکت کی اپیل بھی کی۔

عمران نے کہا کہ  یہ تحریک حکومت گرانے یا لانے کے لئے نہیں ہے بلکہ حقیقی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ چاہتے ہیں ملک کے فیصلے ملک میں ہوں، کون حکومت کرے گا اس کا فیصلہ عوام کریں، بند کمروں میں فیصلے نہ ہوں۔

دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے پہلے روز کا شیڈول جاری کر دیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی لاہور کے صدر امتیاز شیخ نے لانگ مارچ کے پہلے روز کا شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کا آغاز 28 اکتوبر بروز جمعہ کو لبرٹی چوک سے ہو گا اور مارچ کے پہلے روز ہم شاہدرہ تک ہی جائیں گے۔ لانگ مارچ کلمہ چوک سے براستہ فیروز پور روڈ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان لانگ مارچ کے پہلے روز شرکا سے آزادی چوک پر خطاب کریں گے۔

لانگ مارچ کے دوسرے روز کا آغاز شاہدرہ چوک سے ہو گا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کو اپنے علاقوں میں اشتہاری مہم اور کیمپس لگانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوشش ہوتی ہے فوج یا اسٹیبلشمنٹ پر تعمیری تنقید کروں، عمران خان

تین روز پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اپنی پریس کانفرنس میں لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ انتخابات نہیں کرائیں گے اس لیے لانگ مارچ کا اعلان کر رہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقی آزادی مارچ ہے اور اس کا کوئی ٹائم فریم نہیں ہے، جی ٹی روڈ سے براستہ اسلام آباد پہنچیں گے۔ اسلام آباد لڑائی کرنے نہیں جا رہے اور نہ ہم نے ریڈ زون میں جانا ہے۔

دوسری جانب وزارت داخلہ نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے عدم استحکام کا خدشہ ظاہر کیا ہے، وزارت داخلہ نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو خط لکھا ہے۔

وزارت داخلہ کے خط میں کہا گیا ہے کہ کسی کو زبردستی طاقت کے ذریعے وفاق پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، وفاق اور صوبائی حکومتوں کو آئین کے تحت اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے، آئین کے تحت ہر صوبہ وفاقی قوانین پر عملدرآمد کا پابند ہے، وفاق صوبوں کو ہدایات دے سکتا ہے، تمام سرکاری ملازمین ریاستی قوانین کے تابع ہیں۔ کسی حکومتی ملازم کو لانگ مارچ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں