عمران خان قومی اسمبلی کے الیکشن کب کب لڑے؟ کتنے جیتے کتنے ہارے ؟


عمران خان نے ضمنی الیکشن میں چھ حلقے جیت کر کامیابی کا ایک اور چھکا لگایا ہے، عمران خان نے سب سے پہلے 1997 کے الیکشن میں حصہ لیا، وہ سات حلقوں سے امیدوار بنے۔

این اے 18 ڈیرہ اسماعیل خان، این اے 21 سوات، این اے 53 میانوالی، این اے 94 لاہور، این اے 95 لاہور، این اے 184 کراچی اور این اے 190 کراچی یعنی ان الیکشن میں انھیں تمام سات کے سات حلقوں میں شکست ہوئی۔

عمران خان نے 2002 میں چار حلقوں سے الیکشن لڑا، وہ این اے 15 کرک، این اے 29 سوات، این اے 71 میانوالی اور این اے 122 لاہور سے الیکشن میں کھڑے ہوئے، این اے 71 میانوالی سے کامیاب ہوے، باقی تین حلقوں میں انہیں شکست ہوئی۔

2008 میں عمران خان نے عام انتخابات میں بائیکاٹ کیا، 2013 میں عمران خان نے کامیابی سے الیکشن مہم لڑی اس کے بعد وہ  این اے 1 پشاور، این اے 56 راوالپنڈی، این اے 71 میانوالی اور این اے 122 لاہور سے الیکشن لڑے۔ این اے 122 لاہور میں انہیں شکست ہوئی، باقی تین حلقوں میں جیت ان کا مقدر بنی۔

یہ بھی پڑھیں: بس نام رہے گا اللہ کا، شکریہ پاکستان، عمران خان

2018 میں عمران خان پانچ حلقوں سے الیکشن لڑے انھوں نے این اے 35 بنوں، این اے 53 اسلام آباد، این اے 95 میاںوالی، این اے 131 لاہور اور این اے 243 کراچی سے الیکشن لڑا،  عمران خان اس بار پہلی بار تمام نشستوں پر کامیاب ہوئے۔

اور اب 2022 کے ضمنی الیکشن میں عمران خان 7 حلقوں میں پی ٹی آئی کے امیدوار بنے ،، انھیں این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ، این اے 239 کراچی سے جیت ملی،  انھیں این اے 237 کراچی میں پیپلز پارٹی نے ہرایا ، اس طرح وہ اس بار چھ حلقوں میں کامیاب ہوئے۔

عمران خان نے اب تک 1997 سے اب تک 27 حلقوں میں الیکشن لڑا 15 میں انہیں کامیابی ملی اور 12 میں وہ سیٹ ہارے، ہارنے والی زیادہ تر سیٹس 1997 اور 2002 کی ہیں جب کہ 2013 سے ان کا جیت کا تناسب بہت زیادہ ہے۔


متعلقہ خبریں