اسلام آباد: اقوام متحدہ نے سیلابی صورتحال کے باعث پاکستان کے لیے 16 کروڑ ڈالر امداد کی اپیل کر دی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گویترس نے پاکستان میں سیلاب کی صورتحال پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کی میزبانی کرنے والے ملک پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ پاکستان میں سیلاب اور بارشوں سے ہونے والی تباہی پر رنجیدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پاکستان کو امداد کی ضرورت ہے جبکہ اقوام متحدہ 52 لاکھ متاثرہ افراد کو خوراک اور ضروری اشیا فراہم کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: چینی صدر کی سیلاب متاثرین سے یکجہتی، صدر، وزیراعظم کے نام پیغام، 3لاکھ ڈالرز امداد کا اعلان
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے مواصلاتی نظام تباہ ہو گیا ہے اور گرین ہاؤس گیس عالمی حدت کا باعث بن رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فراخدل لوگوں کو مصیبت میں دیکھ کر دل ٹوٹ گیا ہے وہ سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈی نیٹر جولیان ہارنیس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے جہاں تباہی تصورات سے بھی زیادہ ہے اور جس کی وجہ سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔ قدرتی آفت کے نتیجے میں بے گھر ہو جانے والے لاکھوں افراد، اسکولز، صحت کی سہولیات اور روز گار کے تباہ ہو جانے باعث پاکستان کو دنیا کی ترجیحی اور مشترکہ توجہ کی ضرورت ہے۔