وزیراعظم کا ترکی اور یو اے ای کے صدر سے رابطہ


وزیراعظم شہباز شریف کا متحدہ عرب امارات اور ترکیہ کے صدور سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں طیب اردوان اور شیخ محمد بن زید نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر اظہار افسوس کیا۔

وزیراعظم نے دونوں صدور کو پاکستان میں سیلاب کی تازہ ترین صورتحال اور ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے حکومتی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں بتایا کہ پاکستان کو جون2022 کے وسط سے ریکارڈ بارشوں کے ساتھ غیر معمولی مون سون موسمی صورتحال کا سامنا ہے۔

سیلاب نے ملک کے مختلف حصوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں انسانی جانوں، ذریعہ معاش اور بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بارشوں کے دوران انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچنے کے باوجود حکومت متاثرہ علاقوں تک پہنچنے، لوگوں کی نقل مکانی میں مدد اور ان تک امداد پہنچانے کے لیے تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ پاکستان نے ”اقوام متحدہ کے ذریعے فوری امداد کی اپیل ”تیار کی ہے جو30 اگست 2022 کو شروع کی جائے گی اور اس امید کا اظہار کیا کہ عالمی برادری اس فوری اپیل پر فنڈنگ کی ضروریات کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

 


متعلقہ خبریں