کراچی پھر بارش کے پانی میں ڈوب گیا،سرجانی ٹاون میں59.5 ملی میٹربارش ریکارڈ

کراچی: ہیوی اسپیل نکل چکا، الیکشن والے دن موسم صاف ہوگا، چیف میٹرولوجسٹ

 کراچی میں  بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔  رات گئے بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہے۔  شہریوں کو معمولات زندگی  میں مشکلات کا سامنا ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ رات گئے اور اعلی صبح شاہراہ فیصل ،ڈرگ روڈ، جوہر موڑ کےاطراف تیز بارش ہوئی۔ شاہ فیصل کالونی، ملیر ، ائیرپورٹ اور اطراف کےعلاقوں میں بارش کاسلسلہ جاری  ہے۔

کراچی میں بارشوں کے بعد کئی سڑکیں زیر آب آگئیں۔ نشیبی مقامات تالاب بن گئے۔ کورنگی کازوے پھر ڈوب گئی۔ملیر ندی بھی لبالب بھر گئی۔ سٹی کورٹ کے داخلی راستے پر بھی پانی جمع ہے۔

سپرہائی وے پر کاٹھور ندی بپھری تو نیشنل ہائی وے کو سپر ہائی وے سے ملانے والا لنک روڈ ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔اہم سڑک کی بندش کے باعث پپری سے سپر ہائی وے جانے والے ٹریک پر مال برداری گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

شاہ فیصل کالونی نمبر دو میں ندی میں طغیانی کے سبب اٹھائیس سالہ نوجوان ڈوب گیا۔ جسے امدادی رضاکارو ں نے بچالیا۔  سرجانی ٹاؤن اور نارتھ کراچی میں موسلادھار بارش سے سیلابی ریلا یوسف گوٹھ میں داخل ہو گیا ۔

یہ بھی پڑھیں:تھر پارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے 2افرادجاں بحق

پاور ہاؤس چورنگی سے دو منٹ چورنگی جانے والی مرکزی سڑک زیرآب آ گئی ۔ کے ڈی اے چورنگی سے حیدری مارکیٹ تک شاہراہ عثمان پر بھی پانی جمع ہے۔ موسلا دھار بارش سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو گئی۔

فائیواسٹارچورنگی پر بھی پانی جمع ہو گیا ۔ ناظم آباد ، لیاقت آباد ، ایف بی ایریا میں بادل برسے ۔ کریم آباد ، سائٹ ایریا ، گلبہار ، پاک کالونی میں بھی بارش ہوئی ۔ عائشہ منزل ، گلبرگ اور نارتھ کراچی میں بھی بارش سے پانی جمع ہو گیا۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں اکیس گھنٹوں پرمشتمل بارش کے اعدادوشمارجاری کردئیے۔سرجانی ٹاون میں سب سے زیادہ  انسٹھ اعشاریہ پانچ ملی میٹربارش ہوئی۔

مسروربیس کےاطراف چوالیس،یونیورسٹی روڈ پربیالیس اعشاریہ پانچ،اورنگی ٹاون میں اکتالیس اعشاریہ چھ ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی۔ ناظم آباد میں سینتس اعشاریہ پانچ،نارتھ کراچی میں سینتیس اعشاریہ ایک،سعدی ٹاون میں پینتس اعشاریہ تین ملی میٹربارش ہوئی۔

اعدادوشمارکےمطابق گلشن معمارمیں تیس اعشاریہ پانچ ملی میٹر،کورنگی میں چھبیس اعشاریہ چھ ملی میٹر،کیماڑی کےاطراف بائیس ملی میٹر،گلشن حدیدمیں بیس ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی۔

محکمہ موسمیات کےمطابق گڈاپ میں پندرہ اعشاریہ چھ،جناح ٹرمینل کےاطراف تیرہ ،اولڈائیرپورٹ کےاطراف بارہ ملی میٹر،ڈیفنس میں گیارہ اعشاریہ چھ اورصدرمیں دس ملی میٹربارش ہوئی۔

حیدرآباد میں بھی  مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ۔ شہر میں موسلا دھار بارش کے بعد مرکزی شاہراہیں تالاب بن گئی ۔

ٹھنڈی سڑک ، گدو چوک ، حسین آباد ، لطیف آباد اور قاسم آباد سمیت بیشتر شاہراہیں اور گلی محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ۔

پانی کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو گئی ۔ بارش کے باعث حیسکو کا نظام بھی جواب دے دیا ۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے ۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بھی گرج چمک کےساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے شہر میں تیز بارش کا الرٹ جاری کررکھا ہے۔  حیدر آباد اور سندھ کے مختلف شہروں  میں بھی مزید بارش کا امکان ہے۔

 


متعلقہ خبریں