عدلیہ اور ادارے ہماری طاقت ہیں، رانا ثنا اللہ ملک تباہ کر دے گا، شیخ رشید


راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عدلیہ اور ادارے ہماری طاقت ہیں لیکن رانا ثنا اللہ ملک کو تباہ کر دے گا۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 13 حکمران جماعتیں ہیں لیکن عمران خان تنہا ہیں۔ 62 وزرا ہیں اور 17 کے محکمے نہیں ہیں۔ جتنا الیکشن تاخیر سے ہو گا عمران اتنا ہی مقبول ہو گا اس لیے حکمرانوں کو مفت مشورہ ہے کہ الیکشن میں تاخیر نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں، ملک کو تباہی سے بچائیں گزشتہ روز صرف میرے حلقے میں 77 ڈکیتی کی وارداتیں ہوئیں۔ آج کمرشل بینکوں میں 5 ارب ڈالر کم ہوئے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کے ساتھ ظلم ہوا اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے قانون میں ترامیم 11 سو ارب ڈالر اور اپنی ذات کے لیے کی گئیں۔ آٹا 100 روپے کلو ہو گیا اور ملک کو تباہی کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام طاقتوں کو کہنا چاہتا ہوں ملک کو تباہی سے بچائیں، ہماری حکومت کے خلاف سازش لندن سے ہوئی اور آج پھر یہ لندن میں میٹنگز کر رہے ہیں۔ تمام ممالک کے سامنے جھولی پھیلائی گئی لیکن کسی نے پیسے نہیں دیئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور برطانیہ میں بہترین دفاعی تعلقات پائے جاتے ہیں، آرمی چیف

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ آصف زرداری صرف سندھ کی حد تک سیاست کرتے ہیں، ایک مولوی کی طبیعت خرابی پر 8،8 لوگ ملنے جا رہے ہیں۔ کبھی نہیں چاہتا عدلیہ اور اداروں کو نقصان ہو کیونکہ یہ ہماری طاقت ہیں لیکن رانا ثنا اللہ حکومت کو تباہ کر دے گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے کہتا ہوں جو لوگ آپ کے پاس آ رہے ہیں اقتدار کے بھوکے ہیں۔ بلاول زرداری آج تک دفتر نہیں گئے۔ ہم جلسہ کریں گے اور آتش بازی بھی کریں گے۔ اچھی بات ہے ڈالر سستا ہو گیا لیکن غریب مر گیا۔


متعلقہ خبریں