لاہور: سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی دھمکی ان کی مایوسی کی علامت ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے جو ہرزہ سرائی کی وہ اسے زیب نہیں دیتی اور بلاول بھٹو کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے وہ ابھی ناپختہ ہے۔ ہم ان کے اس رویئے کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں ایک آزاد عدلیہ ہماری ضرورت ہے اور گورنر پنجاب کو وزیر اعلیٰ کا حلف لینا چاہیے تھا کیونکہ سپریم کورٹ نے پرویز الہٰی سے حلف لینے کا حکم دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت خود اپنے بوجھ سے گر رہی ہے، فواد چودھری
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کئی چیزیں پسند کی نہیں ہوں گی لیکن انہیں آئین اور قانون دیکھنا ہو گا جبکہ پنجاب کی کابینہ تشکیل پائے گی اور اس کا حلف بھی ہو گا۔ رانا ثنا اللہ کی دھمکی ان کی مایوسی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آپشن رکھا تھا اور صدر نے پرویز الہیٰ سے حلف لے لیا تاہم گورنر کو کابینہ کا آئینی طور پر حلف لینا ہو گا۔ خیبر پختونخوا، پنجاب اور آزاد کشمیر میں ہماری حکومت ہے۔ اب شہباز شریف کو سوچنا ہے کہ وہ حکومت کر پائیں گے، عمران خان مسلسل کہہ رہے ہیں کہ غیرجانبدار الیکشن ہوں۔