ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کرکٹ کپ 2022 کو سری لنکا سے یواے ای منتقل کر دیا ہے۔
اے سی سی کے مطابق ایشیا کرکٹ کپ کے میچز 27 اگست سے 11 ستمبر تک شیڈول ہوں گے، ایونٹ کی میزبانی سری لنکا کے پاس ہی رہے گی۔
اعلامیے کے مطابق ایشیا کپ کے وینیو کی تبدیلی کا فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سری لنکا نے ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی سے معذرت کر لی
صدر اے سی سی جے شاہ کے مطابق سری لنکا کے لوگ کرکٹ سے بہت پیار کرتے ہیں، انہوں نے ایونٹ کرانے کی بہت کوشش کی۔ ایشیا کپ ایشیائی ٹیموں کی ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے بہت اہم ہے۔
صدر سری لنکا کرکٹ کے مطابق ہم سری لنکا میں ٹیموں کی میزبانی کے منتظر تھے، بہرحال اے سی سی کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یاد رہے کہ سری لنکا نے ملک میں جاری سیاسی ومعاشی بحران کے باعث ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی سے معذرت کر لی تھی۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، افغانستان اور بنگلا دیش مین راؤنڈ میں شامل ہیں۔ متحدہ عرب امارات، نیپال، عمان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلیں گی۔