ملک میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری


اسلام آباد: خیبر پختونخوا، پنجاب سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ اسلام آباد راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ روز سے گرچ چمک کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں آہستہ بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

پنجاب کے علاقے لاہور، گوجرانوالہ، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، میلسی، جہانیاں، لیہ، چکوال، وہاڑی، ٹبہ سلطان، جتوئی سمیت دیگر علاقوں میں بارشوں میں نیشی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ لیہ کے ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال ہے۔

موسلا دھار بارش نے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں کو ڈبو دیا اور بارش کا پانی گھروں میں گھس آیا جبکہ گاڑیاں پانی میں تیرنے لگیں۔ اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد کے علاقے میں بھی پانی بھر گیا۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں اولے بھے گرے۔

آزاد کشمیر میں بھی موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی۔ بھمبر کے علاقے برنالہ کی گلیوں اور بازاروں میں پانی بھر گیا جبکہ ایک کار نالے میں گر گئی جسے مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکالا۔

کوٹلی میں پانی دکانوں اور گھروں میں گھسنے سے قیمتی سامان خراب ہو گیا جبکہ وادی لیپہ میں گزشتہ 4 روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں9 بجے کاروباری مراکز بند ہو جائیں گے

بلوچستان میں بھی بادل خوب جم کے برسے اور ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جبکہ سیلابی ریلے کئی چھوٹے پل بہا کر لے گئے۔ کوہلو کا سبی، کوئٹہ اور اندرون بلوچستان سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ انجیر کے مقام پر سیلابی ریلہ سڑک کو ہی بہا لے گیا۔

ممکنہ بارشوں کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان میں ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے متعلقہ محکمے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جس سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔

ملک بھر میں بارشوں کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم بارشوں سے موسم خوشگوار اور گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔

محکمہ زراعت کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں سے فصلوں کو فائدہ ہوا ہے اور اس کی وجہ سے آم، کپاس سمیت دیگر فصلیں بہتر ہوں گی۔


متعلقہ خبریں