میانوالی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ جب تک زندہ ہوں عوام کو جھکنے نہیں دوں گا۔ امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت مسلط رہنے نہیں دیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے سمندر کو کوئی کنٹینر بھی اسلام آباد آنے سے نہیں روک سکے گا اور 18 قتل کرنے والا رانا ثنا اللہ، نہ ہی چیری بلاسم آپ کو روک سکتا ہے۔ ایک ہی چیز پر چوروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ یہ مجھے نیازی کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 20 مئی کے بعد کسی بھی دن اسلام آبادکے لیے کال دوں گا اور وعدہ ہے جب تک زندہ ہوں عوام کو جھکنے نہیں دوں گا۔ امریکہ نے میر جعفر اور میر صادق سے مل کر منتخب حکومت کو ہٹایا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم کسی کی غلامی نہیں کریں گے اور جب تک یہ چور جیلوں میں نہیں جاتے اس وقت تک عمران خان جہاد کرے گا۔ یہ ہم پر ہے کہ اقبال کے شاہین بننا ہے یا بوٹ پالش کرنا ہے۔ امریکہ نے کہا عمران خان کو ہٹاؤ ورنہ نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ہمیں امریکہ کی غلامی کی ضرورت نہیں اور ہم کسی کے سامنے نہیں جھکتے ہم آزاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی صورت امپورٹڈ حکومت کو مسلط نہیں رہنے دیں گے۔ دوستی سب سے کریں گے لیکن غلامی کسی کی نہیں کریں گے۔ تم جدھربھی جاؤ گے لوگ تمہیں چور اور غدار کہیں گے۔ ہم کسی سپر پاور کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ رانا ثنا اللہ وہ غنڈہ ہے جس نے پولیس مقابلے میں لوگوں کومروایا۔ موٹروے پر شہباز گل پر چوروں نے حملہ کروایا۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی طور پر پہلی کامیابی حاصل کر لی، اب آگے بڑھنا ہے: آصف زرداری
پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ 26 سال یہاں جلسے کیے لیکن میانوالی میں اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا۔ کورونا کے باوجود ہم نے پاکستان کی معیشت کو درست سمت پر گامزن کیا اور ہمیں امریکہ کی معافی کی ضرورت نہیں۔ کوئی ثابت کر کے دکھائے کہ میں نے باہر کوئی جائیداد خریدی ہو۔
اسلام آباد احتجاج کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد میں ہمارا پرامن احتجاج ہو گا اور پوری قوم کو اسلام آباد آنے کی دعوت دیتا ہوں۔ حکومت کس نے بنانی ہے یہ فیصلہ پاکستانی عوام نے کرنا ہے امریکی نے نہیں۔ فوری الیکشن کراؤ اور قوم کو فیصلہ کرنے دو۔ پنجاب میں لوٹوں کے ذریعے ہماری حکومت گرائی گئی اور شرم آنی چاہیے ان لوگوں کو کہ ضمیر بیچ کر بیرونی سازش کو کامیاب کرایا۔
انہوں نے کہا کہ کیا انصاف کے اداروں کو اس پر ازخود نوٹس نہیں لینا چاہیے ؟ کیا مغربی ملک میں کوئی اس طرح ضمیر فروشی کر سکتا ہے؟ اگر عدالتیں رات 12 بجے کھل سکتی ہیں تو ان ضمیر فروشی کو نااہل کیوں نہیں کر سکتی۔ یہ لوٹے جب اپنے حلقوں میں آئیں توعوام ان کو سبق سکھائیں۔ جھوٹی ایف آئی آر درج کر کے راشد شفیق کو ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نیوٹرل صرف جانور ہوتا ہے، انسان نہیں اور اللہ تعالیٰ نے حق کا ساتھ دینے کا حکم دیا ہے نیوٹرل رہنے کا نہیں۔ میری سیاست میانوالی سے شروع ہوئی تھی اور حقیقی آزادی کی تحریک بھی میانوالی سے شروع ہو گی۔ ہم کسی امپورٹڈ حکومت کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔