مدینہ پولیس نے مسجد نبوی واقعے میں ملوث 5 پاکستانیوں کو گرفتار کر لیا۔
مدینہ منورہ پولیس کے مطابق زیرحراست پاکستانیوں نے مسجد نبوی کے احاطہ میں ایک پاکستانی خاتون اور ان کے ساتھیوں کوگالیاں دیں۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدہ افراد کے خلاف ضابطے کی کاروائی شروع ہوگئی ہے۔ زیرحراست افراد کے اقدامات مقدس مقام کی حرمت کے منافی تھے۔
مسجد نبوی واقعے پر ہم شرمندہ ہیں، یہ نہیں ہونا چاہیے تھا، نور الحق قادری
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سابق وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے مسجد نبوی میں ہونے والے واقعے کی پرزور مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہیں ، جو کچھ ہوا ہے وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، اس واقعے پر ہم شرمندہ ہیں، یہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوئی پری پلان نہیں تھا، یہ صرف اظہار غصہ تھا، حج اور عمرے پر جانے والوں کی تربیت پر ہمیں توجہ دینی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی پریشر کو نیچے لانے کیلئے سب کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔