شہباز شریف کا وزیراعظم ہاؤس کو پاکستان ہاؤس میں تبدیل کرنیکا اعلان


اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس کو پاکستان ہاؤس میں تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی حکومت ہے، سب کو شامل کرنا پڑے گا،لیگی وزراء کے قلمدان نواز شریف فائنل کریں گے۔

وزیراعظم نے مہنگائی، بیروزگاری اور معیشت کو بڑ ے چیلنجز قرار دیدیا

ہم نیوز کے مطابق سینئر صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر میں بات چیت کرتے ہوئے نو منتخب وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ اگر صدر مملکت کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے تو اللہ انہیں صحت دے، آئین شکنوں کے خلاف سپریم کورٹ کے حکم پر من و عن عمل کریں گے۔

ملک کی معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کم کرنے کیلئے شارٹ اور میڈیم ٹرم پلان بنا رہے ہیں، باتوں سے قومیں نہیں بنا کرتیں،اتوار کو بھی کام کرنا پڑے گا، دو چھٹیاں خوشحال قومیں کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو کچھ نہیں کہیں گے،ادارے اپنا کام کریں گے، اداروں کے خلاف مہم چلانے والے قانون کی گرفت میں آئیں گے،کشمیرو افغانستان پر بریفنگ پارلیمان میں ہوئی تو لیٹر گیٹ پر کیوں نہیں ہوئی؟

’’کمرکس لیں، خدمت کرنے آئے ہیں‘‘ وزیراعظم کا ہفتے میں صرف ایک چھٹی کا اعلان

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ مودی کو مشورہ دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کر کے پائیدار امن کی طرف چلیں، گورنر اسٹیٹ بینک کے مستقبل پر بھی مشاورت ہوگی، تحریک انصاف والے خزانہ خالی کر گئے ہیں،
عمران خان نے دوست ممالک کو ناراض کیا، جو ممالک دوست بننا چاہتے تھے ان سے بھی تعلقات خراب ہو گئے ہیں۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ تارکین وطن ہمارے سفیر ہیں، ان کو ووٹنگ کا پورا حق ہے، وزیراعظم ہاؤس میں پورے پاکستان سے بیوروکریسی لائیں گے، بیوروکریسی پر واضح کر دیا ہے کہ میرٹ سے ہٹ کر کوئی کام کہوں تو منع کر دیں۔

ہم نیوز کے مطابق دوران گفتگو جب وزیراعظم میاں شہباز شریف سے استفسار کیا گیا کہ اچکن کا طعنہ دینے والوں کو کیا پیغام ہے؟ تو انہوں ںے کہا کہ دیکھ لیں اللہ نے پہنا ہی دی اچکن۔

بات سنیں: ہم نہیں جارہے، دیکھتے جائیں، شہباز شریف اچکن نہیں پہن سکے گا، وزیراعظم

وزیراعظم  میاں شہباز شریف نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کی چیرہ دستیاں سب کے سامنے ہیں، ہر فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ شہباز شریف اچکن نہیں پہن سکے گا۔

بڑے مجرم نے اچکن سلوائی تھی، بڑی خوشی ہوئی اسکا خواب ادھورا رہ گیا: وزیراعظم

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے یہ بھی کہا تھا کہ بڑے مجرم نے اچکن سلوائی تھی، بڑی خوشی ہوئی کہ اس کا خواب ادھورا رہ گیا۔

 


متعلقہ خبریں