عوام کا سڑکوں پہ آنے پر شکریہ، عمران خان: سابق وزیراعظم سے اظہار یکجہتی، مظاہرے و ریلیاں


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے عوام کا سڑکوں پہ آنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں پاکستانی سڑکوں پر امڈ آئے ہیں۔

سیاست کا نقشہ بدل جائیگا، 29 تک بہت کچھ ہوگا، جیل بھرو تحریک کا اعلان کرتا ہوں: شیخ رشید

ہم نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ مقامی میرجعفروں نے امریکی حمایت سے حکومت تبدیل کی، مقامی میرجعفر وہ ٹھگ ہیں جو ضمانتوں پر رہا ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے امریکی حمایت سے حکومتی تبدیلی کے خلاف جذبات دکھائے اوراندرون و بیرون ملک پاکستانیوں نے ان کو مسترد کردیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنان نے عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، پشاور، فیصل آباد، چلاس، گلگت، استور، نواب شاہ، ٹھٹھہ، گجرات، ایبٹ آباد اور لنڈی کوتل سمیت ملک کے مختلف شہروں، قصبوں و گاؤں میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے، نعرے لگائے اور ریلیاں نکالیں۔

پی ٹی آئی کارکنان نے اس موقع پر بڑے بڑے بینرز، پوسٹرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پرنعرے و مطالبات درج تھے۔ احتجاجی مظاہروں کے باعث مختلف شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند رہیں اور نتیجتاً گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں۔

پاکستان کے تمام مسائل کا حل جمہوریت، جمہوریت اور مزید جمہوریت ہے، بلاول بھٹو

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنان زیرو پوائنٹ پہ جمع ہوئے اور پھر سری نگر ہائی وے سے ہوتے ہوئے ایف نائن پارک پہنچے جہاں پارٹی رہنماؤں نے خطاب کیا۔

پی ٹی آئی کارکنان نے راولپنڈی میں لال حویلی پر مظاہرہ کیا جہاں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مظاہرین سے خطاب کیا۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ملینیم مال کے قریب پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین سے مقامی رہنماؤں نے خطاب بھی کیا۔

لاہور میں پی ٹی آئی کارکنان لبرٹی چوک پہنچے اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے عمران خان سے اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر کارکنان سے رہنماؤں نے خطاب بھی کیا۔

پشاور میں پی ٹی آئی کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا  جب کہ فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنان ریلیوں کی صورت میں گھنٹہ گھر پہنچے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

شہباز شریف کےکاغذات پر اعتراضات نہ مانے گئے تو استعفے دیں گے، فواد چودھری

ہم نیوز کے مطابق چلاس، گلگت بلتستان، استور، نواب شاہ، ٹھٹھہ، گجرات، ایبٹ آباد، لنڈی کوتل، جڑانوالہ، گھوٹکی، میر پور ماتھیلو، ڈہرکی، کشمور، لاڑکانہ، چیچہ وطنی، ظفروال، رحیم یار خان، سرائے عالمگیر، صادق آباد، سوات، ملتان، وزیرآباد، گوجرانوالہ، کھاریاں، لیاقت پور، فورٹ عباس، عمر کوٹ، سکھر، میانوالی، ننکانہ صاحب، پتوکی، کوٹ مٹھن، رینالہ خورد، بھکر، سیالکوٹ، میر پور آزاد کشمیر، شاہ کوٹ، چشتیاں، کوہاٹ، پیر محل اور شکرگڑھ سمیت دیگر علاقوں میں بڑے پیمانے پر پی ٹی آئی کے کارکنان نے احتجاج کیا، ریلیاں نکالیں اور نعرے لگائے۔ مظاہرین سے پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔


متعلقہ خبریں