اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک 100 فیصد کامیاب ہو گی۔
سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ قومی حکومت کے تصور کا سوال نہیں ہے، جو بھی ہو گا وہ اتحادیوں کے ساتھ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک 100 فیصد کامیاب ہو گی اور اگر اسپیکر نے قراداد پیش نہ ہونے دی تو احتجاج کریں گے۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ نے کہہ دیا ہے کہ اجلاس میں تاخیر نہیں ہوئی۔ 30 سال پہلے بھی پاکستان وکٹری اسٹینڈ پر کھڑا تھا اور آج کے دن کپتان نے ورلڈ کپ جیتا تھا۔ وکٹری اسٹینڈ پر پاکستان ہو گا تحریک انصاف ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: اسمبلی میں آج کچھ نہیں ہونا، سب کچھ قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا، فواد چوہدری
انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی کہتے تھے کہ عمران خان کمزور ٹیم کے ساتھ جا رہے ہیں تاہم کپتان نے پہلے بھی ورلڈ کپ جیتا تھا اور آج سے سرپرائز کی سیریز شروع ہو جائے گی اور 27 مارچ کا جلسہ سب سے بڑا سرپرائز ہے۔