روسی صدر کا 500 سے زائد غیر ملکی طیارے واپس نہ کرنے کا فیصلہ


ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے 500 سے زائد غیر ملکی طیارے واپس نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مغربی ممالک کی پابندیوں کے جواب میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایک نئے قانون پر دستخط کر دیئے جس کے مطابق غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے روس کو لیز یا کرائے کی مد میں دیئے گئے ہوائی جہاز واپس نہیں کیے جائیں گے۔

24 فروری کو یوکرین پر حملے کے بعد سے مغربی کمپنیاں روسی فضائی کمپنیوں کے پاس موجود اپنے طیاروں کے لیز منسوخ کر کے طیاروں کی واپسی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

روسی فضائی کمپنیاں جو طیارے استعمال کر رہی ہیں ان میں سے 75 فیصد لیز یا کرائے پر حاصل کیے گئے ہیں جن کی تعداد 515 اور کل مالیت 10 ارب ڈالر سے زائد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ریاست گجرات کے اسکولوں میں بھگوت گیتا کی تعلیم لازمی قرار

طیارے واپس کرنے کی صورت میں روس کو مسافر بردار طیاروں کی شدید کمی کا سامنا کرنا پڑ جائے گا۔ اس بحران سے بچنے کے لیے بنائے گئے نئے قانون کے تحت غیرملکی طیاروں کو روس میں ہی رجسٹر کیا جائے گا تاکہ پروازیں معمول کے مطابق کام کرتی رہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ، یورپی یونین اور کئی دیگر ممالک کی جانب سے روسی طیاروں کی اپنی حدود میں داخلے پر پابندی کے بعد سے روس سے بین الاقوامی پروازیں تقریباً معطل ہیں۔

طیارے واپس نہ کرنے کی صورت میں اِنہیں صرف اندرون ملک اور چند سابق سوویت ریاستوں میں ہی استعمال کیا جا سکتا ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں