پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کراچی ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب کی طرف نہ جانے کی وجہ بتا دی۔
میچ کے بعد انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آخری سیشن میں آؤٹ نہ ہوتا تو ٹیم ہدف کے تعاقب کی طرف جاسکتی تھی لیکن اوپر تلے دو وکٹیں گرگئیں تو ارادہ بدلا۔
بابر اعظم نے کہا کہ وکٹیں گرنے کے باوجود بھی وہ پریشان نہیں ہوئے کیوں کہ انہیں ٹیم کی ٹیل پر بھروسہ تھا کہ وہ میچ بچالیں گے۔ اس فائٹ بیک کا کریڈیٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے، ٹیم نے بھرپور ایفرٹ دکھائی اور میچ میں اچھا کھیلا، پہلی اننگز میں ویسا نہیں کھیلے جیسا کھیلانا چاہیے لیکن دوسری اننگز میں خود پر اعتماد رکھا اور اچھا کھیل کر میچ بچایا۔
کراچی ٹیسٹ: بابراعظم کی تاریخی اننگز، ٹیم کو شکست سے بچا لیا
اپنی اننگز پر بات کرتے ہوئے بابر نے کہا کہ ان کیلئے کراچی ٹیسٹ کی اننگز کافی معنی رکھتی ہے کیوں کہ ٹیم کو اس اننگز کی ضرورت تھی تاکہ میچ بچایا جاسکے ،اگر آؤٹ نہیں ہوتا تو ہم مختلف مائنڈ سیٹ سے جاتے اور چیز کرنے جاتے۔
انہوں نے کہا کہ پچز دونوں ٹیموں کیلئے ایک جیسی تھی، دونوں ٹیموں کے فاسٹ بولرز کو ریورس ملا اور اسپنرز کو ٹرن بھی ملا، ہماری ٹیم نے بہتر کھیلا ،کوشش تھی کہ چائے کے وقفے تک کی صورتحال دیکھیں پھر چیز کا سوچیں مگر پھر وکٹیں گرگئیں تو ارادہ ترک کردیا۔