اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما علیم خان نے جہانگیرترین سے مشاورت تک وقت مانگ لیا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری پی ٹی آئی کے ناراض رہنما علیم خان کی رہائش گاہ پہنچے اور ان سے تفصیلی ملاقات کی۔
گورنر سندھ اور وفاقی وزیر اطلاعات نے ملاقات میں علیم خان کو وزیر اعظم کا پیغام پہنچایا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں علیم خان نے دونوں رہنماؤں سے جہانگیر ترین سے مشاورت تک وقت مانگ لیا۔
واضح رہے کہ فواد چودھری اور عمران اسماعیل نے آج علیم خان سے ملاقات سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: اللہ چوروں، منافقوں اور لٹیروں کو شکست دے گا، شیخ رشید
اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ علیم خان، جہانگیر ترین سمیت باقی دوست پارٹی کا اثاثہ ہیں جبکہ ہمیں نہیں لگتا کہ کوئی ایسی مجبوری یا دوری اتنی ہو جائے کہ قریب بھی نہیں آ سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حالات ٹھیک ہو جائیں گے اور آج بیٹھ کر معاملات سے نمٹ لیں گے۔ عمران خان کے لیے علیم خان کے دل میں اتنی ہی محبت ہے جتنی کل تھی۔ تھوڑی ناراضگی کسی معاملے پر ہو جاتی ہے لیکن معاملات کو حل کر لیں گے۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ علیم خان خود وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔