کراچی کے علاقے ناظم آباد میں فائرنگ سے نجی چینل سما کے سینئر پروڈیوسر اطہرمتین جاں بحق ہوگئے۔
ایس ایس پی سنٹرل رانا معروف عثمان کے مطابق ملزمان شہری کو لوٹ رہے تھے۔ صحافی اطہر متین نے واردات ناکام بنانے کے لیے اپنی گاڑی سے ملزمان کی موٹرسائیکل کوٹکرماری جس سے ملزمان نیچے گرے اورغصے میں اطہرمتین کی کار پرفائرنگ کردی۔
ملزمان نے اپنی موٹرسائیکل چھوڑی اور ایک اور شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل واوڈا نے تاحیات نا اہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا
پولیس کے مطابق واقعہ ناظم آباد کی مرکزی شاہراہ پر پیش آیا۔ ملزمان نے کارپر3 گولیاں فائرکیں۔ ایس پی گلبرگ طاہرنورانی کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفصیلات لے رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔گورنرسندھ عمران اسماعیل نے بھی واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔