پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ عمران خان سے متعلق جو بھی کہا وہ سچ ہے،جن کے حقوق متاثر ہوئے ہیں اور وہ مقدمہ کرنا چاہتے ہیں تو کریں۔ عدالتیں کھلی ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے پاس تردید کرنے کے علاوہ اور کیا راستہ تھا ،چینی کے بحران میں ان کو کونسا نقصان پہنچا؟
انہوں نے کہا کہ ملک میں کہیں وڈیرہ اورکہیں خان قابض ہے، مہنگائی کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہے، ترقی کے لحاظ سے سندھ سب سے پیچھے ہے، مسائل کے حل کیلئے سب کومل کرکام کرنا ہو گا۔
جسٹس (ر) وجیہہ الدین کیخلاف کریمنل کیس فائل کر رہے ہیں، فواد چوہدری
جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے کہا کہ ایم کیوایم کی لیڈرشپ کا شکرگزارہوں، ایم کیو ایم سے بات ہوئی ، ایک دوسرے کو ایک پیچ پر محسوس کیا ہے۔
اس موقع پرخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وجیہہ الدین اورہمارے درمیان بہت ساری چیزیں مشترک ہیں، پاکستان کوجاگیردارانہ نہیں اصلی جمہوریت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقےمشکلات کا شکارہے، اپنی شناخت اورحقوق کیلئے جدوجہد کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کے تجربے کی ضرورت ہے، جن معاملات پر ہمارا اتفاق ہے ان پر مل کر کام کریں گے ۔