مریم نواز نے سریلی آواز سے سب کو پیچھے چھوڑ دیا


جنید صفدر کے ولیمے کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ شریف خاندان کا ایک اور ٹیلنٹ بھی سب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور وہ ہے ان کی خوبصورت آوازیں۔

گزشتہ روز ہونے والی تقریب میں مریم نواز اور حمزہ شہباز کے گانوں نے سوشل میڈیا  پر دھوم مچا دی جو ابھی تک جاری ہے۔

آج بھی مریم نواز کی خوبصورت آواز میں ایک گائے گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جہاں وہ ” چرا لیا ہے تم نے جو دل کو ” گا رہی ہیں، جسے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز حمزہ شہباز نے ’’ ہمیں تم  سے پیار کتنا  یہ ہم نہیں جانتے‘‘ گا کر محفل لوٹ لی، جہاں ان کے ساتھ اسٹیج پر مریم نواز بھی بیٹھی نظر آئیں۔


جس کے بعد ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں مریم کا چہرہ تو نظر نہ آیا، لیکن ان کی آواز نے سب کو حیران کر دیا، ویڈیو میں بیٹے کی شادی میں مریم  ’’ کوئی تھا نہ کوئی ہے، زندگی میں تمہارے سوا ‘‘ گاتی سنائیں دیں۔


مریم نواز اور حمزہ شہباز کے ایک ساتھ بیٹھے گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آئی تو لمحوں میں وائرل ہو گئی جسے اب تک ہزاروں افراد دیکھ چکے ہیں اور صارفین کی طرف سے بے حد پسند  کیا  جا رہا ہے۔

رائیونڈ میں ہونے والی اس تقریب میں مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب  سمیت مسلم لیگ ن کے دیگر رہ نما شریک ہیں۔

کس نے کس کا کتنا پرانا لیکن صدا بہار گانا گنگنایا؟

مریم نواز ، حمزہ شہباز، شہباز شریف اور جنید صفدر کے گانے آج کل خوب مقبول ہورہے ہیں. یہ گانے کب ریلیز ہوئے اور کس نے گائے آئیں دیکھتے ہیں۔

مریم نوازنے گانا گایا ’’چرالیا ہے تم نے جو دل کو ‘‘  یہ گانا آج سے 48 سال پہلے آشا بھوسلے اور محمد رفیع کی آواز میں  فلم ’’ یادوں کی بارات ‘‘ میں ریلیز ہوا تھا۔

اس سے پہلے حمزہ شہباز نے فلم ’قدرت‘‘ کا گانا گایا جو 40 سال پہلے کشور کمار نے گایا تھا۔ وہ اس سے پہلے جیو نیوز کے پروگرام میں بھی کشور کمار کا ہی ایک گانا گا چکے ہیں۔

ماموں حمزہ اگر کشور کمار کے فین ہیں تو بھانجے جنید صفدر کو محمد رفیع صاحب پسند ہیں اسی لیے انھوں کچھ ماہ پہلے ’’ کیا ہوا تیرا وعدہ‘‘ گایا جو 44 سال پہلے فلم’’ ہم کسی سے کم نہیں‘‘ میں استعمال ہوا تھا۔

اسی تقریب میں جنید صفدر نے ’’ لکھے جو خط تجھے‘‘ بھی گایا جو 53 سال پہلے فلم کنیادان میں استعمال ہوا تھا۔

آخر میں ذکر ان سب سے بڑے لیکن چھوٹے میاں شہباز شریف کا جنھوں نے ’’ اکیلے نہ جانا ‘‘ گایا ۔ یہ آج سے 55 سال پہلے فلم ارمان میں پکچرائز ہوا تھا۔ یہ گانا مالا اور احمد رشدی نے الگ الگ گایا تھا۔


متعلقہ خبریں