پاکستان ڈیموکریٹک مومونٹ (پی ڈی ایم) نے 23 مارچ کو اسلام آباد میں مہنگائی مارچ کرنے کا اعلان کر دیا۔
پی ڈی ایم اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 23 مارچ کو ملک بھر سے کارکنان اسلام آباد پہنچیں گے۔ اس سلسلے میں صوبائی سطح پر اجلاس بلائے جائیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پنجاب میں شہبازشریف اور خیبرپختونخوا میں میں اجلاس کی صدارت کروں گا،مہنگائی مارچ سے متعلق سیمینار کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم سندھ کے اجلاس کی صدارت اویس نورانی اور پی ڈی ایم بلوچستان کے اجلاس کی محمود خان اچکزئی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں اسمبلیوں سے استعفوں کا معاملہ بھی زیرغور آیا ہے، یہ کارڈ کب استعمال کریں گے اس کا فیصلہ وقت پر ہو گا۔
دھرنے سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔
خیال رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت آج پی ڈی ایم کا اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں نے اسلام آباد میں دھرنے کے بجائے ایک روزہ شو کرنے اور کارکنان کو جلسہ کے لیے فوری متحرک کرنے کی تجویز دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس، لانگ مارچ اور استعفے دینے کی سفارش
دوسری جانب سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اسمبلیوں سے فوری استعفوں پر بضد رہے اور کہا کہ اسمبلیوں سے استعفے دے کرعوام کے ساتھ کھڑے ہونا چاہے۔
انہوں نے پی ڈی ایم کی سربراہی سے مستعفی ہونے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ آج فیصلہ کریں ورنہ میں سربراہی سے مستعفی ہوتا ہوں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر آج کوئی فیصلہ نہیں ہوتا تو پی ڈی ایم کی تحریک کا کیا فائدہ ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے پی ڈی ایم کے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ اور استعفوں پر اتفاق کیا گیا تھا۔