اسلام آباد: بچی کے قتل کیس میں میٹرو کے 2 گارڈ گرفتار


اسلام آباد کے سیکٹر جی 11 میں غیرفعال میٹرو سٹیشن کے واش روم سے بچی کی لاش ملنے کے معاملے میں پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے بچی کو گلہ دبا کرقتل کیا، میٹروسٹیشن کے 2 سیکیورٹی گارڈز کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

تھانہ رمنا پولیس میں 11 سالہ نامعلوم بچی کے قتل کا مقدمہ تھانہ رمنا کے اے ایس آئی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، گزشتہ روز غیرفعال میٹروسٹیشن کے واش روم سے بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں بند راستےکھل گئے ، میٹرو بس سروس بھی بحال

ذرائع کے مطابق پمز اسپتال میں بچی کے کیے گئے پوسٹمارٹم کی رپورٹ کے مطابق موت دم گھٹنے سے واقع ہوئی جبکہ رپورٹ میں بچی کے ساتھ زیادتی بھی ثابت ہوئی ہے۔ جسم پر زخم اور خراشیں بھی پائی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق پمز اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے لاش کا فرانزک ٹیسٹ کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب حراست میں لیے گئے گارڈز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صبح 8 بجے کے قریب کتوں کے بھونکنے پرمتعلقہ جگہ پہنچے تو لاش دیکھی، جبکہ واش رومز کو تالے لگے ہوتے تھے، لیکن جہاں سے لاش ملی وہاں تالہ نہیں لگاتے تھے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔


متعلقہ خبریں