اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ہماری برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مہنگائی ایک مسئلہ ہے لیکن یہ پوری دنیا میں ہے اور مہنگائی کے باوجود وزیر اعظم نے ایک بڑے پیکج کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ سال آئی ٹی کی برآمدات میں 39 فیصد اضافہ ہوا۔
اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کی 5 بڑی فصلوں میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے جبکہ زراعت کا سیکٹر ترقی کر رہا ہے اور ہر لحاظ سے معیشت بڑھ رہی ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جو پیٹرولیم مصنوعات درآمد کرتے ہیں، دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، مگر پاکستان میں اب بھی اس کی قیمت کم ہے، مگر میں کو آپ بتا دینا چاہتا ہوں ہمیں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے آج لالی پاپ پیکج کا اعلان کیا ہے، بلاول بھٹو
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں تیل کی عالمی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے، بھارت میں پٹرول 250 روپے جبکہ پاکستان میں 138 روپے فی لیٹر دستیاب ہے۔خطے کے دیگر ملکوں کی نسبت پاکستان میں پٹرول سب سے سستا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے۔