اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی جیل میں قیدی کے قتل پر بھارت سے شدید احتجاج کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے بھارتی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کیا گیا تھا اور پاکستان نے بھارت سے قیدی کے قتل پر وضاحت مانگ لی۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے سویلین قیدی ضیا مصطفیٰ کے قتل پر شدید احتجاج کیا اور بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ ضیا مصطفیٰ 2003 سے بھارت کی قید میں تھا۔
پاکستان نے پاکستانی قیدیوں کی حفاظت اور تحفظ سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا اور یہ پہلی دفعہ نہیں بلکہ ماضی میں بھی پاکستانی سویلین قیدی بھارتی قید میں مردہ پائے گئے۔
دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت فوری طور پر شفاف تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کا تعین کرے۔