سمندری طوفان شاہین سے ایران اور عمان میں تباہی، 9 افراد جاں بحق


مسقط: سمندری طوفان شاہین کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد ملک کے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق 3 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

جبکہ دوسری جانب طوفان کے باعث ایران میں چاہ بہار بندرگاہ پر 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

عمان کے متعلقہ حکام نے لوگوں کی زندگیوں کے تحفظ کی خاطر مسقط سے شہریوں کے انخلا کی ہدایت کی ہے اور ایئرپورٹ سے آنے و جانے والی تمام پروازیں بھی منسوخ کردی ہیں۔


عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق موسمیاتی صورتحال کے پیش نظر متحدہ عرب امارات کے حکام نے بھی شہریوں کے لیے وارننگ جاری کردی ہے۔

عمان کی شہری ہوابازی کی ایجنسی نے اس سے قبل کہا تھا کہ قومی قدرتی آفات پیشگی انتباہی مرکز کی تازہ سیٹلائٹ تصاویر اور موسمی چارٹس کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ سمندری طوفان شاہین شدت اختیار کرچکا ہے اور اب وہ سمندری طوفان کی کیٹگری ایک میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شاہین عمان سے ٹکرا گیا: سیلابی صورتحال، بچہ جاں بحق، پروازیں منسوخ

حکام کے مطابق سمندری طوفان شاہین مسقط سے شمال میں واقع البطینہ گورنری تک ساحلی علاقوں پر براہ راست اثرانداز ہوگا۔ اس کے نتیجے میں تیز ہوائیں چلیں گی اور200 سے 600 ملی میٹرتک موسلا دھار بارش ہوگی جس کے نتیجے میں شمالی البطینہ، جنوبی البطینہ، مسقط، الظہیرہ، البریمی اورالداخلیہ کی گورنریوں میں شدید سیلاب کا خطرہ ہے۔

سمندری طوفان سے گوادر کے ساحل سے بھی اونچی لہریں ٹکرا رہی ہیں اور سمندر میں طغیانی بھی ہے۔ حکام نے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت بھی کی ہے۔


متعلقہ خبریں