اسلام آباد: پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے کہا ہے کہ ایسے بیانات نہ دیے جائیں جس سے پاکستان کا مؤقف کمزور ہو۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان سے پیدا شدہ صورتحال پر غور کیا گیا۔
شرکائے اجلاس نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں عسکری قیادت نے نواز شریف کے بیان پر حکومت کو تحفظات سے آگاہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق دو گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں اتفاق کیا گیا ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے جن سے پاکستان کو پشیمانی کا سامنا کرنا پڑے۔
ذرائع کے مطابق اس بات کی توقع کی جارہی ہے کہ اجلاس کے حوالے سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اراکین پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی جانب سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعطم اجلاس کے حوالے سے پارلیمنٹ میں آکر بیان دیں۔