80 سالہ بابے کے ٹشن، 60 سالہ دلہن بیاہ لایا، پوتے پوتیاں باراتی، دھوم دھڑکا


لودھراں میں 80 سالہ دلہا اپنی 60 سالہ دلہن بیاہ لایا، ڈھول کی تھاپ پر بیٹے، پوتے اور نواسے رقص کرتے رہے۔

نواحی علاقے جلہ آرائیاں کے عبدالرزاق کے لیے آج خاص دن تھا، بابے نے خوب ٹشن کیے اور دھوم دھڑکے سے بیٹے بیٹیوں،پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کو لے کر دلہنیا لانے پہنچ گئے۔

جگہ جگہ ڈھول کی تھاپ پر باراتی رقص کرتے رہے، بابا خود بھی جھومتے رہے،نوٹوں کی ویلیں بھی ہوتی رہیں۔

دلہا میاں کولایا گیا تو سلامی کی خوبصورت رسم  ہوئی، سب نے خوب انجوائے کیا۔ مبارک سلامت کی صداوٴں میں نکاح پڑھایا گیا اور گواہوں کی موجودگی میں دونوں جیون ساتھی بن گئے۔

شادی بنا رسموں کے ادھوری رہتی ہے، سو دودھ پلائی بھی ہوئی اور جوتا چھپائی بھی۔ منہ دکھائی کی رسم بھی شان سے ہوئی۔ سالیوں نے رعب جما کر شگن بھی لیا۔

موج مستی اور چٹ پٹی باتوں کے بعد باری آئی رخصتی کی،  ایک بار پھر ڈھول کی تھاپ پرسماں بندھ گیا۔ دلہن کے آنسو چھلکے اوربابل کے گھر سے روانہ ہو گئی۔


متعلقہ خبریں